راولپنڈی، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد قوم اور دنیا کے سامنے رکھ دیے، جن سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان میں منظم دہشت گردی کروا رہا ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبدالمجید کو جہلم سے گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے بم، بھارتی ساختہ ڈرون اور بڑی رقم برآمد ہوئی، اس کی بھارتی فوجی افسر صوبیدار سکھویندر سے براہ راست گفتگو بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کے بھارتی فوجی افسران سے رابطے تھے، جن میں میجر سندیپ ورما، حوالدار امیت اور ایک سپاہی بھی شامل ہے۔ ان افسران نے پاکستان میں عام شہریوں اور فوجی اہداف پر حملوں کے احکامات دیے، اور بارودی مواد کی ترسیل بھی کی۔
برنالہ، باغ، جلالپور جٹاں اور کوٹلی میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، جن میں کئی پاکستانی فوجی زخمی ہوئے، سکھویندر نے ڈرون کے ذریعے آئی ای ڈی پہنچائی، اور حملوں کے بعد دہشت گردوں کو رقوم بھی فراہم کی گئیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی میڈیا جھوٹے بیانیے کے تحت واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے جبکہ اصل میں بھارت خود دہشت گردوں کو تربیت دے کر پاکستان میں بھیج رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ یہ صرف ایک کیس کی مثال ہے، بھارت کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کے مزید شواہد بھی موجود ہیں اور عالمی برادری کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔