لاہور، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے ہی شہریوں کے خون پر سیاست کر رہی ہے، ہم پہلگام میں ہونیوالے افسوسناک واقعے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور اس معاملے میں انہیں انصاف دلانے کی بات کررہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی سرحد پار کی تو یہ اس کی تاریخی بھول ہوگی، پورا پاکستان اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جس طرح کی جارحیت ہوگی، اسی طرح اسکا جواب دیا جائے گا۔
دوست ممالک سمیت پوری دنیا جان چکی ہے کہ امن کا دشمن اور دہشت گردوں کا سرپرست بھارت ہے، ہم امن کے داعی ضرور ہیں مگر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کو بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں سیاسی انتشار ختم نہیں کیا جاتا، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان گزشتہ 10 سے 15 برسوں سے مسلسل سانحات کا شکار رہا ہے، صوبے کی سڑکیں غیر محفوظ ہوچکی ہیں، معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور نوجوان مایوسی کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔