9
پاکستانی فضائی حدود کی معطلی کو آج انیسواں روز ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں بھارتی فضائی کمپنیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گزشتہ اٹھارہ دنوں میں کم از کم دو ہزار بھارتی پروازیں متاثر ہو چکی ہیں، جن میں تاخیر، منسوخی یا متبادل راستے شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی ائیر لائنز کو اب تک ایندھن، فضائی فاصلہ بڑھنے اور دیگر لاجسٹک اخراجات کی وجہ سے 400 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کا نقصان ہو چکا ہے، لمبے فضائی روٹس نے آپریٹنگ لاگت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
اگرچہ دونوں ممالک کے مابین سیز فائر نافذ ہو چکا ہے، لیکن بھارت کے 24 ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن بدستور معطل ہے،آج کی 444 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں جبکہ کئی مقامات پر تمام ہوائی جہاز ہینگرز میں واپس منتقل کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سات دن سے سری نگر ائیرپورٹ پر روزانہ کی 65 پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں، اسی طرح لیہ کوشک ایئرپورٹ کی تمام 30، اور جموں ہوائی اڈے کی بھی 30 پروازیں مکمل طور پر بند ہیں۔