اسلام آباد، پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد بھارت کا بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی "را” نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی پراکسی تنظیموں کو متحرک کر دیا ہے، جنہیں گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں تخریبی کارروائیوں کی ہدایات دی گئی ہیں۔
انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق "را” نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)، فتنہ الخوارج اور غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا حصہ بنایا ہے۔ ان دہشت گردوں کو افغانستان سے مخصوص علاقوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ چند خودکش حملہ آوروں کو ممکنہ اہداف کی پیشگی ریکی بھی کروائی گئی ہے۔ ان حملہ آوروں کی جانب سے گاڑی یا موٹر سائیکل استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی سرپرستی میں بننے والے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک اور الرٹ ہیں۔
بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد پہلے ہی دنیا کے سامنے آ چکے ہیں اور یہ سازش دراصل پہلگام میں بھارتی منصوبے کی ناکامی کا ردعمل ہے، جس کے ذریعے بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔