اسلام آباد: سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے خبردار کیا ہے کہ بھارت اکتوبر 2025 میں پاکستان پر دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔
ان کے مطابق یہ حملہ بھارتی ریاست بہار میں نومبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل مودی سرکار کی انتخابی حکمت عملی کا حصہ ہو سکتا ہے۔
اعزاز چودھری نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کہا کہ نریندر مودی ماضی میں بھی پاکستان دشمنی کو بنیاد بنا کر سیاسی فائدہ حاصل کرتے رہے ہیں، اس لیے ایک اور جارحیت کا امکان نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
پروگرام میں شریک تجزیہ کار ڈاکٹر ہما بقائی نے مطالبہ کیا کہ بھارتی دہشت گردی کے ثبوت فیٹف (FATF) کے سامنے پیش کیے جائیں تاکہ عالمی سطح پر بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا جا سکے۔
بھارتی فوج اور افغان شہری پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث :ڈی جی آئی ایس پی آر
دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے تجویز دی کہ پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں کو بریفنگ دی جائے تاکہ عالمی برادری کو بھارت کی جارحانہ پالیسیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارت نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا تھا، جس میں پاک فوج کے 11 جوان اور خواتین و بچوں سمیت 40 شہری شہید ہوئے تھے۔ اس حملے میں 121 افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق "معرکہ حق” کے تحت پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا تھا، جس سے دشمن خاموشی پر مجبور ہو گیا۔
حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یہ خدشات اور سفارتی تجاویز قومی سلامتی کے لیے فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہیں۔