اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی حالیہ جارحیت اور بیانیے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ "بھارت کو جج، جیوری اور سزا دینے والا بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔”
ترک میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جان بوجھ کر پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، جس کا جواب صرف ان بھارتی پوسٹوں کو دیا جا رہا ہے جہاں سے فائرنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر ڈرون یا فضائی حملوں کے الزامات کو من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈہ قرار دیا۔
"اگر پاکستان نے کوئی میزائل حملہ کیا ہوتا تو اس کا الیکٹرانک ثبوت ضرور موجود ہوتا۔”
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال اٹھایا کہ اگر بھارت نے واقعی پاکستانی طیارے مار گرائے ہیں تو ان کا ملبہ یا گرفتار پائلٹ کہاں ہیں؟
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی میڈیا کو خاموش کرا دیا ہے اور اب اس کا میڈیا ہر گھنٹے فرضی کہانیاں گھڑ رہا ہے۔
"جب ہم جواب دیں گے تو دنیا خود سن لے گی۔ ہمیں بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں۔”
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے اس سے انکار کر کے اپنا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بھارت نے پاکستان میں چھ مختلف مقامات پر عبادت گاہوں پر حملے کیے اور بغیر کسی ثبوت کے عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنایا۔
"بھارت سیاسی مقاصد کے لیے دہشتگردی کو استعمال کر رہا ہے، لیکن پاکستان بھارتی الزامات کو واضح اور دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے۔”