چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ بھارت نے نہ صرف نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی بلکہ قریبی آبادی پر بھی حملے کا ارادہ ظاہر کیا، جو بین الاقوامی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بھارت نے جان بوجھ کر نیلم جہلم کے بجلی گھر کو نشانہ بنایا، جبکہ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے ٹیکنیکل ٹیمیں سرگرم ہیں۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ بھارت کی کوشش تھی کہ نیلم جہلم کے اسٹرکچر اور قریبی آبادی کو نقصان پہنچایا جائے، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ واپڈا بجلی کی پیداوار کا ذمہ دار ادارہ ہے، جب کہ ترسیل کا عمل اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، مزید بتایا کہ اس منصوبے میں کوئی غیر ملکی عملہ موجود نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا، لائن آف کنٹرول پر 40 سے 50 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا گیا، جو ایک بڑی عسکری کامیابی ہے۔
وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ انداز میں پاکستان پر حملہ کیا، رافیل طیارے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے باوجود دشمن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ان کے بقول بھارت کا غرور ہمارے شاہینوں نے زمین بوس کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ رافیل طیارے بنانے والی کمپنی کے شیئرز میں 18 فیصد کمی آئی ہے، بھارت جس انداز میں پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، اس میں ناکام ہوا، اب دشمن اپنی حکمت عملی تبدیل کر چکا ہے اور مسلسل ڈرون حملوں کا سہارا لے رہا ہے۔