اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر سیکریٹریٹ چوک کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے اسکوٹی پر سوار دو خواتین کو روند دیا، جس کے نتیجے میں دونوں خواتین موقع پر جان بحق ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ رات گئے پیش آیا اور دونوں خواتین کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکیں۔ پولیس نے ڈرائیور آصف کو موقع سے گرفتار کر کے گاڑی قبضے میں لے لی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ ڈرائیور حد سے زیادہ تیز رفتار گاڑی چلا رہا تھا اور قابو کھو بیٹھا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وقوعے سے قبل وہ سنیپ چیٹ کے لیے ویڈیو بنا رہا تھا، تاہم حادثے کے بعد اس نے موبائل پھینک دیا۔
لاہور میں باراتیوں کی کوسٹر کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 15 زخمی
پولیس کے مطابق ڈرائیور نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بالغ اور لائسنس یافتہ ہے، لیکن اس کے پاس شناختی کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا۔
پولیس نے عدالت میں درخواست دی ہے کہ ملزم کو 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر رکھا جائے تاکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں، موبائل کی ویڈیو برآمد کی جا سکے، ملزم کی عمر اور موقع پر موجود دیگر افراد کی موجودگی کی تصدیق ہو، اور میڈیکل ٹیسٹ کے ذریعے عمر کا تعین کیا جا سکے۔
