پشاور، خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ موجودہ قومی یکجہتی کے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ضروری ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی نے پوری پاکستانی قوم کو ایک صف میں لا کھڑا کیا ہے، اور اس اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک عوامی مقبولیت رکھنے والے لیڈر ہیں اور انہیں جعلی اور من گھڑت مقدمات کے تحت قید میں رکھنا دراصل قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، لہٰذا انہیں فی الفور رہا کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نادر موقع کو ضائع نہ کرے جب پوری قوم دشمن کے خلاف یک آواز ہے، ایسے وقت میں جبر اور انتقامی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے بھارت کے خلاف نہ صرف بھرپور سیاسی موقف اپنایا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی دفاعی محاذ سنبھالے رکھا، پی ٹی آئی کی میڈیا ٹیم نے بھارتی پروپیگنڈے کو مؤثر طریقے سے بے نقاب کیا اور سچائی دنیا کے سامنے پیش کی۔
ادھر بیرسٹر گوہر کا بھی کہنا ہے کہ اگر دشمن ممالک سے مذاکرات ہوسکتے ہیں تو پھر قومی مفاہمت کے لیے اپنوں سے بات چیت کیوں ممکن نہیں۔