عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے، علی محمد خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے استعمال میں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ ان کی قانونی پوزیشن متاثر نہ ہو اور سیاسی حل کی جانب راستہ ہموار ہو سکے۔

latest urdu news

نجی ٹی وی چینل "ہم نیوز” کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے واضح کیا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عمران خان خود سوشل میڈیا پر موجود نہیں ہیں، اور ان کا ایکس اکاؤنٹ وہ خود براہِ راست استعمال نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ "اکاؤنٹ سے آنے والی ہر بات کو عمران خان کا ذاتی مؤقف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ دراصل ان کے ایک پرانے ساتھی کے ذریعے چلایا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے اس فرد کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ "نام لینا مناسب نہیں، کیونکہ اس سے ان کے لیے ممکنہ مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔”

علی محمد خان نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کوئی بھی غیر محتاط پیغام ان کی قانونی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے۔ "اگر ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی ممکن ہو اور ملک سیاسی استحکام کی طرف بڑھے، تو ہمیں محتاط رویہ اپنانا ہوگا۔”

انہوں نے سیاسی فریقین سے بھی مطالبہ کیا کہ ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے سیاسی مکالمے کا آغاز کیا جائے، اور ایسے بیانات یا سرگرمیوں سے گریز کیا جائے جو حالات کو مزید کشیدہ کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter