اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے امکانات نظر نہیں آ رہے، ججز پر دباؤ ہے اور تحریک کو روکا نہیں جا سکتا۔
اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ انہیں عمران خان کی رہائی فی الحال ممکن نظر نہیں آتی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی تحریک کے حوالے سے اپنی تیاریوں پر مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ عمران خان نے کیا کہا ہوا ہے اور پارٹی کی قیادت نے بھی اپنا مؤقف واضح کر رکھا ہے، اب یہ تحریک کسی صورت روکی نہیں جا سکتی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمیں ہر طرف سے بند کیا جا رہا ہے، تمام دروازے بند ہو چکے ہیں، جج صاحبان پر شدید دباؤ ہے اور ہم یہ بات سمجھ سکتے ہیں۔ ہم عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں لیکن یہ بھی کافی نہیں پڑ رہا۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ریاست نے عمران خان کو طویل مدت تک قید میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور موجودہ حالات میں ان کی رہائی قریب دکھائی نہیں دے رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب پی ٹی آئی قیادت پر ہے کہ وہ کس طرح سے بانی جماعت کو رہائی دلواتی ہے اور پارٹی اپنے مؤقف پر کس قدر ڈٹ کر کھڑی رہتی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ کئی ماہ سے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں ان کے خلاف توشہ خانہ، سائفر اور دیگر مقدمات کی سماعت جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی ان مقدمات کو سیاسی انتقام قرار دیتی ہے۔