راولپنڈی، بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا، یہ تیسری مرتبہ ہے جب انہوں نے اس قسم کے ٹیسٹ سے گریز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، لاہور پولیس کی ایک تحقیقاتی ٹیم، جس کی قیادت ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے تھے، اڈیالہ جیل پہنچی جہاں عمران خان سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ٹیم کی جانب سے پولی گرافک (جھوٹ پکڑنے والے) ٹیسٹ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم عمران خان نے اس پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے ٹیسٹ کرانے سے انکار کے باعث پولیس ٹیم بغیر کسی پیش رفت کے واپس لوٹ گئی، اس سے پہلے بھی لاہور پولیس کی یہی ٹیم گزشتہ دو روز سے عمران خان سے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹس کے لیے رابطے میں تھی، مگر ہر بار انہیں انکار کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ پولی گراف اور دیگر جدید ٹیسٹ تفتیش کے عمل کا حصہ ہوتے ہیں تاکہ حقائق تک رسائی ممکن بنائی جا سکے، خاص طور پر ایسے مقدمات میں جہاں شواہد محدود ہوں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے مسلسل انکار کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل قانونی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔