عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنانے کی تیاری کی جا رہی ہے:علیمہ خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت غیر معمولی جلدی میں کی جا رہی ہے، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ فیصلے پہلے سے طے شدہ ہیں۔

latest urdu news

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وہ آج بھی مین اسٹریم میڈیا سے گفتگو سے گریز کریں گی کیونکہ کچھ پلانٹڈ افراد کو کیمروں کے سامنے بدتمیزی کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایسے عناصر کا مقصد ماحول کو خراب کرنا اور پی ٹی آئی کارکنوں کو اشتعال دلانا ہے، جس سے مزید گرفتاریاں عمل میں آ سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو سال سے میڈیا اڈیالہ جیل کے باہر کوریج کر رہا ہے لیکن کبھی کوئی بدتمیزی یا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اب جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کے خلاف مزید مقدمات بنائے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف اور دیگر کارکنان پر ایک اور مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، جو کہ بد نیتی پر مبنی ہے۔

علیمہ خانم کی میڈیا ٹاک کے دوران تشدد کا شکار صحافی صلح پر راضی، بیرسٹر گوہر کی معذرت

علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو بھی علم ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں انہیں سزا سنائی جانی ہے۔ انہوں نے عدالتی نظام پر اعتماد کے فقدان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے اور ساری کارروائی پہلے سے طے شدہ نظر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کا حصہ ہیں، اور ایسے اقدامات سے نہ صرف عوام کا اعتماد عدلیہ سے اٹھتا جا رہا ہے بلکہ جمہوری عمل کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ علیمہ خان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو منصفانہ ٹرائل کا حق دیا جائے اور عدالتی عمل کو سیاسی آلہ کار نہ بنایا جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter