عمران خان کو ان کی بہن اور پی ٹی آئی نے خود مائنس کر دیا: عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو ان کی اپنی بہن اور پارٹی قیادت نے سیاسی منظرنامے سے مائنس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ماضی میں نواز شریف کو مائنس کرنے کا مشن لے کر آیا تھا، آج وہ خود اپنی جماعت اور سیاست دونوں سے باہر ہو چکا ہے۔

latest urdu news

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان اندرونِ خانہ پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈاپور کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، اور خود علی امین نے بھی اس بات کا برملا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے اگر بطور چیف ایگزیکٹو خیبرپختونخوا بجٹ منظور نہ کروایا ہوتا تو آئینی طور پر ان کا اقتدار ختم ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان کا گروپ اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل مل کر علی امین گنڈاپور کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آ چکے ہیں، اور وفاق میں پی ٹی آئی کے کم از کم تین گروپس سرگرم ہیں، جب کہ خیبرپختونخوا میں مزید تین الگ گروہ پارٹی کے اندر واضح تقسیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ایک گروپ کی قیادت جنید اکبر کر رہے ہیں، دوسرا گروہ عاطف خان کے گرد جمع ہے، جب کہ تیسرا گروپ اُن رہنماؤں پر مشتمل ہے جنہوں نے پارٹی سے عملی طور پر لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔

صوبائی وزیرِ اطلاعات نے خیبرپختونخوا حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں گزشتہ بارہ سالوں سے "ریلو کٹے” اور کرپٹ عناصر حکمرانی کر رہے ہیں جنہوں نے صوبے کی گورننس کو تباہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اس وقت بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے، جب کہ پنجاب حکومت اس کے برعکس شفافیت، میرٹ اور بہتر حکمرانی کا نمونہ بن چکی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تمام وزرائے اعلیٰ میں سب سے نمایاں ہیں اور عوامی خدمت کے حقیقی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق، مریم نواز کی حکومت نے مختصر مدت میں گورننس اور عوامی فلاح کے میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter