راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
رپورٹ میں عمران خان کی عمومی صحت کو درست اور تسلی بخش قرار دیا گیا ہے، جب کہ کان اور دانتوں میں حساسیت کی نشاندہی کی گئی ہے۔
میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کے بلڈ پریشر، شوگر، آکسیجن لیول اور پلس ریٹ کو "آئیڈیل” قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کان اور دانتوں کی حساسیت کے باعث "سپورٹیو مینجمنٹ” تجویز کی گئی ہے تاکہ تکلیف میں کمی اور مزید پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
میڈیکل بورڈ عمران خان کا اکتوبر 2024 سے باقاعدگی سے معائنہ کر رہا ہے، اور اب تک 15 سے زائد ڈاکٹرز ان کی صحت کا جائزہ لے چکے ہیں۔ پمز اسپتال کے ماہرین کی جانب سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دانتوں اور کان کے علاج کے لیے مخصوص مینجمنٹ کی تجویز دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے کان کا مسئلہ پہلے ہی زیرِ علاج ہے، جس کی نگرانی ماہر اسپیشلسٹ جنوری 2024 سے کر رہے ہیں۔ تازہ رپورٹ میں فوری طور پر کسی سنگین خطرے کی نشان دہی نہیں کی گئی، تاہم مسلسل طبی نگرانی جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔