لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، حقیقت یہ ہے کہ وہ بالکل ٹھیک اور محفوظ ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کل متوقع تھی لیکن اجازت نہیں دی گئی، تاہم پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر کی ان سے ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عمران خان کا میڈیکل چیک اپ صرف ان کے ذاتی معالجین کی موجودگی میں ہونا چاہیے، کیونکہ موجودہ حکام کی نیت پر انہیں اعتماد نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی رہنما عظمیٰ خان جو خود ڈاکٹر ہیں، نے بھی ان کی صحت پر تشویش ظاہر کی۔
علیمہ خان نے واضح کیا کہ "اگر عمران خان کو ذرا بھی کچھ ہوا تو سب سے پہلے ان کی فیملی آواز اٹھائے گی، ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔ ان کی صحت کو بنیاد بنا کر جو سنسنی پھیلائی جا رہی ہے وہ حقائق کے منافی ہے۔”
ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر عمران خان کی صحت سے متعلق افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ علیمہ خان نے ان تمام خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہتر حالت میں ہیں اور ان کی حفاظت و صحت پر پوری نظر رکھی جا رہی ہے۔