پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 23 ارکان پر مشتمل نئی سیاسی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا۔
کمیٹی کے اہم ارکان میں چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر، محمود خان اچکزئی، شبلی فراز، فردوس شمیم نقوی، سہیل آفریدی، علامہ راجہ ناصر عباس، معین قریشی، خالد خورشید اور کنول شوزب شامل ہیں۔ دیگر ارکان بھی مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور کمیٹی میں پارٹی کے سینئر رہنما شامل ہیں۔
پارٹی کے ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی پی ٹی آئی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہوگی، جس کا بنیادی مقصد پالیسی سازی اور پارلیمانی امور میں رہنما اصول مرتب کرنا ہے۔ اس فورم کے ذریعے پارٹی کے داخلی فیصلے، پارلیمانی حکمت عملی اور سیاسی امور کی سمت طے کی جائے گی۔
مسلسل احتجاج جاری رہا تو عمران خان کی دوسری جیل منتقلی پر غور ہوسکتا ہے، رانا ثناءاللّٰہ
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نئی کمیٹی پارٹی کے اندر یکجہتی اور فیصلہ سازی کے عمل کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی کی تشکیل سے پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے انتخابات کی تیاری میں بھی مدد ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے اور اہم فیصلے کمیٹی کے ذریعے ہی منظور کیے جائیں گے تاکہ پارٹی کی سمت اور سیاسی اقدامات مربوط رہیں۔
