راولپنڈی: پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کی ایک ٹیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مکمل صحت مند قرار دیا۔
جیل ذرائع کے مطابق، طبی معائنے کے دوران ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کے کانوں اور دانتوں کا تفصیلی چیک اپ کیا، ساتھ ہی چند ضروری ٹیسٹ بھی تجویز کیے۔ معائنے کے دوران کان اور دانتوں کی صفائی بھی کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے معائنے کے بعد انہیں صحتیاب قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی تفصیلی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ معائنے کے دوران بانی پی ٹی آئی نے اپنے دانتوں کے مزید معائنے کے لیے ڈاکٹر عاصم کو بلانے کی درخواست بھی کی ہے۔
جیل انتظامیہ کے مطابق، معائنہ پمز اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے کیا، جو خصوصی طور پر اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ معائنے میں عمومی صحت، کانوں اور دانتوں کی حالت، اور دیگر ممکنہ شکایات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں بعض خدشات کے بعد یہ معائنہ کرایا گیا تھا، تاہم رپورٹ میں کسی قسم کی سنگین بیماری یا طبی مسئلے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔
امریکی سفارتی وفد کی اڈیالہ جیل میں قیدی شہباز افضل سے ملاقات
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں مختلف مقدمات کے سلسلے میں قید ہیں اور وقتاً فوقتاً ان کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق تمام قیدیوں کو بنیادی طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں اور کسی بھی قسم کی طبی شکایت پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔