پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اپنی جماعت کو پیغام دیا ہے کہ وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کو ایک بڑی عوامی تحریک کے لیے تیار ہونا چاہیے، جو پورے ملک میں چلائی جائے گی۔
یہ بات عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے تین نکاتی پیغام بھیجا ہے، جس میں پارٹی پالیسی اور اپنے ساتھ ہونے والے سلوک پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں عام قیدیوں کے بھی بنیادی حقوق حاصل نہیں۔ آٹھ مہینوں میں صرف ایک بار بچوں سے بات کرائی گئی، بہنوں سے ملاقات نہیں کروائی جاتی، کتابیں دینے کی اجازت نہیں دی جاتی اور ذاتی ڈاکٹرز سے طبی معائنہ بھی نہیں کرایا جا رہا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ وقت بدل چکا ہے اور پارٹی کو واضح سمت اختیار کرنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو میرے نظریے کے ساتھ نہیں، اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ چاہے پوری زندگی جیل میں رکھو، میں نہیں جھکوں گا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی ایک بڑی تحریک کی تیاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا بلکہ تحریک پورے پاکستان میں چلائی جائے گی۔
عمران خان کے اس پیغام کو پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف آئندہ دنوں میں سیاسی طور پر زیادہ متحرک ہونے جا رہی ہے اور قیادت اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑے افراد کے ساتھ آگے بڑھے گی۔