پہلگام واقعہ: بھارت کے پاس شواہد ہیں تو پاکستان سے شیئر کرے، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومتی وزرا نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے بعد اہم پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے بھارت کے ہر ایکشن کا جواب دیا۔

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد حکومتِ پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پہلگام حملے سے متعلق بھارت کے پاس کوئی ثبوت موجود ہیں تو وہ پاکستان سے شیئر کرے، الزامات سے معاملہ حل نہیں ہوگا۔

latest urdu news

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان 240 ملین عوام کا ملک ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے جیسے اہم بین الاقوامی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے بھارت کے ہر ایکشن کا دو ٹوک جواب دیا ہے”۔

اہم اقدامات:

  • بھارت سے ہر قسم کی تجارت بند کر دی گئی۔
  • واہگہ بارڈر مکمل بند کرنے کا فیصلہ۔
  • بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم۔
  • بھارتی ایئر لائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند۔
  • بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو محدود کر کے 30 افراد تک کر دیا گیا۔
  • پاکستان میں موجود بھارتی دفاعی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دے دیا گیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر بھارت نے کوئی ایڈونچر کیا تو ماضی سے بھی برا حال ہوگا”۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں پہلگام جیسا واقعہ سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ:

  • کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے لیڈر بھارت میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
  • بھارت نے امریکا اور کینیڈا میں بھی دہشت گرد کارروائیاں برآمد کی ہیں۔
  • نریندر مودی وہ واحد حکمران ہیں جن پر امریکہ نے دہشت گردی کے الزامات میں ویزہ پابندی لگائی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے تاکہ دنیا میں مظلوم بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے نہ صرف زمینی اقدامات کیے بلکہ بیانیے کی جنگ میں بھی بھارت پر سبقت حاصل کی ہے۔”

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو غیر قانونی اور ناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کے صحافیوں نے بین الاقوامی میڈیا پر ملک کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter