آئی ایم ایف کی 2025 رپورٹ: پاکستان کی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کی پیشگوئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آئی ایم ایف کی عالمی اقتصادی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت 2025-26 میں 3.6 فیصد کی شرح سے بڑھے گی، جو حکومت کے مقرر کردہ 4.2 فیصد ہدف سے کم ہے۔

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) نے اپنی تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک 2025 رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی معیشت مالی سال 2025-26 میں 3.6 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، جو کہ حکومتِ پاکستان کے مقرر کردہ 4.2 فیصد ہدف سے نمایاں طور پر کم ہے۔

latest urdu news

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کو اب بھی متعدد اندرونی معاشی چیلنجز اور عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، جس کے باعث ترقی کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح 2025 میں 4.2 فیصد اور 2026 میں کم ہو کر 3.6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، تاہم پاکستان کے لیے قیمتوں میں استحکام اب بھی ایک اہم چیلنج بنا ہوا ہے۔

آئی ایم ایف نے عالمی ترقی کے حوالے سے بتایا کہ 2025 میں دنیا کی مجموعی ترقی کی شرح 3 فیصد اور 2026 میں 3.1 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے امریکا اور چین کے مابین تجارتی مذاکرات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو عالمی تجارتی ماحول میں بہتری آئے گی، تاہم یکم اگست کو تجارتی چھوٹ کے خاتمے کے بعد دوبارہ کشیدگی بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے، تاہم آئی ایم ایف کی پیش گوئیاں اور عالمی اقتصادی دباؤ ان کوششوں کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کو نہ صرف بین الاقوامی مالیاتی عدم استحکام سے نمٹنا ہوگا بلکہ ملکی سطح پر مہنگائی، سرمایہ کاری میں کمی، اور مالیاتی نظم و ضبط جیسے اندرونی مسائل کو بھی سنبھالنا ہوگا۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ حکومت کے لیے ایک تنبیہ بھی سمجھی جا رہی ہے کہ اگر مطلوبہ شرحِ نمو حاصل کرنی ہے تو سخت معاشی اصلاحات، سرمایہ کار دوست ماحول اور قرضوں کے دباؤ سے نجات جیسے اقدامات پر فوری توجہ دینا ہوگی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter