18
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازعہ ٹویٹ کیس میں ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے سنایا۔
سماعت کے دوران دونوں ملزمان عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کی نمائندگی معاون وکیل نے کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کہاں ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ وہ عدالت میں حاضر ہونے کے بعد راولپنڈی میں پیشی کے لیے چلے گئے ہیں۔
جج نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی اور استغاثہ کے گواہان کو اسی روز ڈیڑھ بجے طلب کر لیا۔ معاون وکیل نے فرد جرم کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے قانونی طریقہ کار کے تحت درخواست دینے کی ہدایت کی۔
عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا ہے اور اب کیس کی کارروائی ڈیڑھ بجے دوبارہ شروع ہو گی۔ یہ مقدمہ ایک متنازعہ ٹویٹ کے حوالے سے درج کیا گیا تھا جس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔