اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت تک متاثرہ شہری کو اس کا الاٹ شدہ پلاٹ حوالہ کرے۔
یہ ہدایت جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکٹر E-11 میں پلاٹ کے قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دی۔ مقدمہ درخواست گزار صادقہ عارف کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس میں سی ڈی اے کی جانب سے پلاٹ کا قبضہ نہ دینے پر قانونی چارہ جوئی کی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے سی ڈی اے کے ممبر بورڈ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وہ عدالت میں حاضر ہوں، خواہ وہ چھٹی کا دن ہی کیوں نہ ہو۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کئی سال گزرنے کے باوجود سی ڈی اے اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
عدالت نے سی ڈی اے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے قبل پلاٹ کا قبضہ متاثرہ شہری کو دے دیا جائے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کر دی۔