اسلام آباد، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہماری جانب سے جنگ کا آغاز نہیں کیا جائے گا، مگر اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو ہم بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت جو بھی طاقت استعمال کرے گا، ہم اس سے زیادہ طاقت سے جواب دیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دوست ممالک، پڑوسی ممالک اور خطے کی بڑی طاقتیں اس وقت ثالثی کی کوشش کر رہی ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال پیدا نہ ہو، اور اللہ کرے ان کی کوششوں سے بھارت کو کچھ سمجھ آئے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت کے اقدامات کے مطابق ہی ردعمل دیا جائے گا، اور کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ حملوں کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ ہماری جانب سے جنگ کا آغاز نہیں کیا جائے گا، مگر اگر جنگ ہم پر مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بھارت جتنی طاقت استعمال کرے گا، ہم اس سے زیادہ طاقت سے جواب دیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن بھارت نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ تو چھپایا جا رہا ہے۔