اگر 9 مئی کا منصوبہ کامیاب ہوتا تو ہم میں سے کوئی زندہ نہ ہوتا ، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد،وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے 9 مئی 2023 کے واقعات کو ملکی سلامتی کے خلاف ایک سنگین اور سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اگر اُس دن حملہ آوروں کا منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو "ہم میں سے کوئی زندہ نہ ہوتا”۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ان واقعات کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک احتجاج نہیں تھا بلکہ ریاست کو اندر سے کمزور کرنے کی ایک مکمل حکمت عملی تھی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جس شدت سے عسکری تنصیبات اور اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ معاملہ محض جذبات کا نہیں بلکہ باقاعدہ منصوبہ بندی کا تھا۔ ان کے مطابق یہ عناصر ریاستی ڈھانچے کو غیر مستحکم کرنے کے درپے تھے۔

latest urdu news

انہوں نے بتایا کہ دو جی او سی کے گھر ان کے اپنے گھر کے آس پاس واقع ہیں، ایک ان کے پیچھے والی سڑک پر اور دوسرا بالکل سامنے۔ ان گھروں کا درمیانی فاصلہ بمشکل دو سے اڑھائی منٹ ہے، اس لیے وہ ذاتی طور پر ان واقعات کے اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ اس دن جو کچھ ہوا، وہ ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے واقعات کا سختی سے محاسبہ ہونا چاہیے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی جرأت نہ کرے۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے، جنہیں عسکری اور سیاسی قیادت نے ریاست پر حملہ قرار دیا تھا، یہ واقعہ آج بھی ملکی سیاست، قانون اور سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک حساس حوالہ بنا ہوا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter