وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بچوں کے پاکستان آنے سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پوری پی ٹی آئی کچھ حاصل نہ کر سکی، تو عمران خان کے بچے بھی کچھ نہیں کر پائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کو اگر پاکستان آنے کے لیے ویزا درکار ہوا، تو حکومت انہیں 24 گھنٹوں میں ویزا جاری کر دے گی۔ اگر وہ پُرامن انداز میں احتجاج میں شامل ہونا چاہیں، تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
انہوں نے مزید کہا، "سوال یہ ہے کہ عمران خان کے بیٹے آ کر کریں گے کیا؟ تحریک انصاف نے 9 مئی جیسے واقعات بھی آزما لیے، مگر نتیجہ سب کے سامنے ہے۔”
پروگرام میں پی ٹی آئی رہنما نیاز اللہ نیازی نے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ووٹر ہی حقیقی تبدیلی کی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین کسی بھی قسم کے سیاسی سمجھوتے یا معاہدے کے موڈ میں نہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بیان دیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی واضح تاریخ یا شیڈول ظاہر نہیں کیا تھا۔