اسلام آباد، ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو پاکستان کو 6 دریاؤں پر مکمل حق حاصل ہوگا، کشمیر کی آزادی کے بعد یہ پانی پاکستان کا ہوگا۔
عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ نسلوں تک یاد رکھے گا، انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں اپنائی گئی عسکری حکمت عملی دنیا بھر میں زیر بحث ہے اور کئی سالوں تک اس کا مطالعہ کیا جاتا رہے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نے نہ صرف بھارتی مقاصد کو ناکام بنایا بلکہ عوام کے دلوں میں اپنی مقبولیت کو بھی مزید بڑھایا، آج پاک فوج عوام کی نظر میں فخر کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر جھوٹا بیانیہ گھڑا لیکن آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ پاکستان نے عالمی برادری سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن بھارت خاموش رہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے حملہ نہیں کیا، بلکہ واضح اعلان کے بعد جواب دیا، بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے اور 26 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ بھارتی افواج نے سرحدوں پر سفید جھنڈے لہرا کر پسپائی اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سچ کا ساتھ دیا جبکہ بھارتی میڈیا اور حکومت مسلسل جھوٹ بولتے رہے، دنیا نے سب کچھ دیکھ لیا۔