عمران خان کو ڈیل آفر نہیں ہوئی ہوتی تو موقع ضائع نہیں کرتے، حنیف عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے معروف پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر نئی اسمبلی کو "ناجائز” قرار دینے کی روایت پرانی ہو چکی ہے، اب یہ سوال بےمعنی ہو چکا ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو کسی بھی قسم کی کوئی ڈیل آفر نہیں کی گئی، کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو وہ کبھی یہ موقع ضائع نہ کرتے۔

حنیف عباسی نے گفتگو کے دوران پاکستان ریلوے کی تاریخی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے اپنی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 93 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو حاصل کیا ہے۔

latest urdu news

پنجاب حکومت آئندہ تین سال میں ریلوے میں 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ سندھ حکومت کے ساتھ بھی مثبت مذاکرات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا کو بھی ریلوے منصوبوں میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ اس حوالے سے خود علی امین گنڈاپور سے رابطہ کریں گے۔

تحریک انصاف کے بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد قوم متحد ہوئی اور پی ٹی آئی کا بیانیہ کمزور پڑا، اسی لیے انہوں نے طنزیہ طور پر بھارت کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم اگر وہ 26 نومبر جیسے حالات اختیار کرے تو حکومت اجازت نہیں دے گی۔

عمران خان کے اہل خانہ سے متعلق بات کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ ان کے بچوں کو والد سے ملاقات سے نہیں روکا جائے گا، تاہم اگر وہ قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون اپنا راستہ لے گا، دراصل عمران خان کے بچوں کو پاکستان آنے کی اجازت ان کے اپنے گھر سے ہی نہیں ملے گی۔

معاشی بہتری کے حوالے سے حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور 31 دسمبر تک عوام کو معاشی خوشخبریاں ملنے کی توقع ہے، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی حکمت عملی اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت کو سراہا، پاکستان کی افواج نے دنیا بھر میں اپنی عزت منوائی ہے اور ان لوگوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے جو کہتے تھے کہ فوج کمزور ہو چکی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کو پاکستان کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیا، جس کا مقصد پاکستانی فوج کو بدنام کرنا اور ملک کو شام یا عراق جیسے حالات کی طرف لے جانا ہے، مرنے والے دہشت گردوں سے جدید ہتھیار اور ڈالر برآمد ہوتے ہیں، جن کے پیچھے واضح طور پر بھارت کی مداخلت ہے۔

یاد رہے کہ حنیف عباسی کا یہ انٹرویو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک سیاسی کشیدگی، سیکیورٹی خدشات اور معاشی دباؤ جیسے بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے، اور حکومت اپنے بیانیے کو عوام میں مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter