حیدرآباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں 700 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حکومت نے نئے جرمانوں کا نفاذ کر دیا ہے تاکہ شہری قانون کی پاسداری کریں اور شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔
اہم جرمانوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر اب 20,000 روپے جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ موٹرسائیکل سوار کے پاس ہیلمیٹ نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ 5,000 روپے ہوگا۔ نو پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر 10,000 روپے، اور تیز رفتاری کرنے پر 25,000 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں پر بھی اب 25,000 روپے جرمانہ ہوگا جبکہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر 5,000 روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔
