474
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض مقامات پر بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ سوات، چترال، کوہستان، مہمند، کرم اور خیبر کے چند علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب اور سندھ کے بھی زیادہ تر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ بلوچستان کے بعض حصوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک زیادہ رہ سکتا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
