بلوچستان میں مبینہ غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کا سفاک قتل، ویڈیو وائرل، سپریم کورٹ بار کی شدید مذمت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا قاتلوں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ، ریاستی عملداری پر سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد: بلوچستان میں مبینہ غیرت کے نام پر ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک خاتون اور مرد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس لرزہ خیز واقعے نے انسانی حقوق کے حلقوں اور سول سوسائٹی میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔

latest urdu news

اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رؤف عطا نے سخت مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک معصوم اور بے گناہ خاتون کا ’بہیمانہ قتل‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک ایسا جرم ہے، جس کا نہ تو مذہب، نہ قانون، نہ آئین اور نہ ہی کسی تہذیب یا ثقافت سے کوئی تعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نام نہاد غیرت کے نام پر کیا جانے والا قتل خواتین کے خلاف بدترین تشدد کی ایک شکل ہے، جو اس جھوٹے تصور پر مبنی ہے کہ کسی عورت نے خاندان یا برادری کی عزت کو ٹھیس پہنچائی۔

اعلامیے میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے زور دیا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے واقعات کی جڑ میں وہ بیمار سماجی سوچ ہے، جو عورتوں کو کمزور، تابع اور غیر محفوظ تصور کرتی ہے۔

میاں رؤف عطا نے مزید کہا کہ ان واقعات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ہمارا معاشرہ غیرت کے نام پر تشدد جیسی بیماری میں بری طرح مبتلا ہو چکا ہے، اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنا ایک سنگین جرم ہے، اور ان مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانا حکومت اور عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔

مطالبات:

  • قاتلوں کی فوری گرفتاری
  • تیز ترین عدالتی کارروائی
  • مؤثر اور سخت قانون سازی
  • ریاستی اداروں کی فعال مداخلت

سپریم کورٹ بار نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے مثالی اور عبرتناک سزا دلائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

سوشل میڈیا پر بھی واقعے پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، صارفین مجرموں کو گرفتار نہ کرنے پر حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں اور انصاف کے فوری تقاضے کر رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter