بلوچستان کے ضلع نوشکی میں حاملہ خاتون اور اس کے شوہر کو غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، ملزمان مقتولہ کے بھائی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے لکپاس کے قریب ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق پنجگور کے رہائشی محمد شعیب خان اپنی حاملہ بیوی بے نظیر اور بھائی کے ساتھ کوئٹہ جا رہے تھے۔ جب وہ نوشکی کراس کے قریب ایک نجی ہوٹل میں قیام پذیر تھے تو مسلح افراد نے ہوٹل میں گھس کر دونوں میاں بیوی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول محمد شعیب نے سات سال قبل کوئٹہ کی رہائشی بے نظیر سے کورٹ میرج کی تھی۔ کچھ عرصہ قبل دونوں خاندانوں میں صلح ہو گئی تھی، جس کے بعد مقتولہ کے بھائیوں نے میاں بیوی کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا۔
جب جوڑا کوئٹہ کی جانب روانہ ہوا تو راستے میں رات گزارنے کے لیے نوشکی کے قریب ایک ہوٹل میں رکا۔ اگلی صبح مقتولہ کے بھائیوں نے فون کے ذریعے ان کی لوکیشن معلوم کی اور وہاں پہنچ کر دونوں کو قتل کر دیا۔
خاتون کے قتل کی اطلاع فوراً مل گئی تھی، ملزمان نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، سی پی او راولپنڈی
فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ لیویز فورس نے لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے اور مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر ملک میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل اور خواتین کے خلاف جاری تشدد پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے۔