جمعرات, 8 مئی , 2025

بھارتی جارحیت کا تاریخ ساز جواب: پاک فضائیہ نے 5 بھارتی طیارے اور ڈرون مار گرائے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیتے ہوئے اب تک بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور ایک کمبیٹ ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔

یہ حملہ آور طیارے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ گرائے جانے والے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ-29، ایک ایس یو سیریز کا طیارہ اور ایک ہیرون کمبیٹ ڈرون شامل ہیں، جو بھٹنڈا، جموں، ایوانتی پور، اکھنور اور سری نگر میں مار گرائے گئے۔

latest urdu news

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پارک پراجیکٹ اور نوسہری ڈیم کو نشانہ بناتے ہوئے نقصان پہنچایا۔ اس بزدلانہ حملے میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 6 مختلف مقامات پر 26 بے گناہ شہری شہید جبکہ 46 زخمی ہوئے۔

متاثرہ مقامات اور نقصانات:

احمد پور ایسٹ:
مسجد سبحان اللہ پر حملے کے نتیجے میں 13 شہادتیں ہوئیں، جن میں دو سے تین سال کی بچیاں، سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ اس واقعے میں 37 افراد زخمی ہوئے جن میں 28 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں۔

مظفرآباد:
مسجد بلال پر بھارتی جارحیت کے باعث تین افراد شہید جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا۔

کوٹلی:
مسجد عباس پر حملے میں ایک 16 سالہ لڑکی اور 18 سالہ لڑکا شہید ہوئے، جبکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہیں۔

مریدکے:
مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جس میں تین افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔

سیالکوٹ:
حملے کے باوجود کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

شکرگڑھ:

جانی نقصان سے بچا گیا تاہم ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی بلااشتعال فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں ایک پانچ سالہ بچے سمیت مزید قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

جوابی کارروائی:

پاک فضائیہ نے بھارت کے حملہ آور طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب انہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میزائل فائر کیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق پاک فو ج نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد بھارتی طیاروں کو گرانے کی صلاحیت رکھنے کے باوجود اپنی حدود میں رہتے ہوئے کارروائی کی، کسی بھارتی طیارے کو سرحد عبور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ پاکستان کی جانب سے بھی کوئی جارحیت نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی بمباری اور لائن آف کنٹرول پر بلاجواز فائرنگ کے باوجود پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور دشمن کی کئی پوسٹوں کو تباہ کیا۔

دیگر اہم نکات:

* بھارت کی کارروائی کے دوران پاکستان کی ایئر اسپیس میں 57 بین الاقوامی پروازیں موجود تھیں، جن کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں۔
* لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کو بحال کر دیا گیا ہے، جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کیا ہے۔
* بھارت کی جانب سے مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مودی سرکار کی انتہاپسندانہ سوچ کا واضح ثبوت ہے، جو مسلمانوں سمیت اقلیتوں کی مذہبی آزادی کو پامال کر رہی ہے۔
* بین الاقوامی اور مقامی میڈیا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

ردِعمل:

ترک سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ پاک فوج اپنے عوام کے تعاون سے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter