اسلام آباد، پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں ہندوتوا نظریے کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلموں میں جنگ کو رومانوی انداز میں دکھانا اور حقیقت میں جنگ کا سامنا کرنا بالکل مختلف چیزیں ہیں، بھارت نے ہمیشہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر مذاکرات سے گریز کیا۔
حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی شدت پسند سوچ کو تقویت دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس سانحہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے جس نے بھارت کو مناسب وقت پر بھرپور جواب دیا،بھارتی میڈیا نے مبالغہ آرائی کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ ان کے افواج نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد پر قبضہ کر لیا ہے۔
حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی صرف ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں اور مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔