چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی میں 6 ماہ سے غیر معمولی تاخیر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے چیئرمین کی تعیناتی میں غیر معمولی تاخیر کا معاملہ اب 6 ماہ سے زائد ہو چکا ہے، اور یہ اہم عہدہ تاحال ایڈہاک بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے۔ وزارت تعلیم کے ذرائع کے مطابق سیکرٹری وزارت تعلیم نعیم محبوب بطور قائم مقام چیئرمین خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ چیئرمین کی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم کو بھجوائی گئی سمری پر اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

latest urdu news

سابق چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کی مدت ملازمت 30 جولائی 2025 کو مکمل ہوئی، جس کے بعد ادارہ مستقل سربراہ سے محروم رہا۔ اسی روز سیکرٹری وزارت تعلیم نعیم محبوب کو اضافی ذمہ داریاں سونپی گئیں، اور ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ایڈہاک تعیناتی کی گئی تھی، مگر 6 ماہ گزرنے کے باوجود مستقل چیئرمین تعینات نہیں کیا گیا۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں وفاقی وزیر تعلیم کی زیر نگرانی سرچ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی تاکہ مناسب امیدوار منتخب کیا جا سکے۔

اس عہدے کے لیے 750 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدا میں بیرون ملک سے امیدوار کو منتخب کرنے کی کوشش کی گئی، مگر مراعاتی پیکیج بین الاقوامی معیار کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے مقامی وائس چانسلرز کی بیوروکریسی میں سے ہی شارٹ لسٹ کیا گیا۔ وزیر اعظم کو بھجوائی گئی سمری میں کراچی سے ڈاکٹر سروش حشمت لودھی (وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی)، اسلام آباد سے ڈاکٹر نیاز احمد اختر (قائد اعظم یونیورسٹی) اور لاہور سے ڈاکٹر محمد علی (پنجاب یونیورسٹی) کے نام شامل ہیں۔

وفاقی حکومت قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کیلئے سرگرم

ذرائع کے مطابق کراچی کی لابی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی تعیناتی کے لیے سرگرم ہے۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ سابق سربراہان پالیسی گائیڈ لائنز پر مؤثر کام نہیں کر سکے، اور فنڈنگ و پالیسی کے حوالے سے مزید اقدامات ضروری ہیں۔ ماہرین نے تجویز دی کہ وائس چانسلرز کی بیوروکریسی کا گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے کیونکہ گزشتہ دو دہائیوں سے وہی نام مختلف جامعات میں چیئرمین اور وائس چانسلرز کے عہدوں پر تعینات ہوتے آ رہے ہیں۔

ماہرین نے یہ بھی کہا کہ سمری میں شامل امیدواروں پر نیشنل میڈیا میں ڈیبیٹ کروائی جائے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کا وژن اور اہلیت عوام کے سامنے آئے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter