جون سے اگست تک ملک میں بارش اور سیلاب کے واقعات میں 799 ہلاکتیں، 1080 زخمی، 7175 مکانات اور 5552 مویشی متاثر۔
ملک بھر میں جون سے اگست تک جاری موسلا دھار بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اب تک 799 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 1080 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے 25 اگست تک کے اعداد و شمار کے مطابق ان واقعات کے نتیجے میں 7175 مکانات کو نقصان پہنچا اور 5552 مویشی ہلاک ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 203 بچے، 476 مرد اور 119 خواتین شامل ہیں جبکہ ریسکیو آپریشنز کے دوران ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ صوبوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ 497 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں، پنجاب میں 165، سندھ میں 55، بلوچستان میں 24، گلگت بلتستان میں 45، آزاد جموں و کشمیر میں 23 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
خیبرپختونخوا: سیلاب سے 493 کلومیٹر سڑکیں اور 32 پل تباہ، بحالی کے لیے 9 ارب روپے درکار
زخمی ہونے والوں میں 286 بچے، 531 مرد اور 257 خواتین شامل ہیںاور صوبوں کے حساب سے پنجاب میں 584، خیبرپختونخوا میں 347، سندھ میں 71، گلگت بلتستان میں 42، آزاد کشمیر میں 28، بلوچستان میں 5 اور اسلام آباد میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں موسلا دھار بارشیں اور سیلاب ہر سال انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور مقامی انتظامیہ ہنگامی تیاریوں اور الرٹس جاری کرتی رہتی ہیں۔