مون سون کی شدید بارشوں سے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت کئی شہروں میں پانی جمع، بجلی بند، خطرناک صورتحال پیدا ہوگئی۔
اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون کا طوفانی اسپیل جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ لاہور کے علاقے لکشمی چوک، مال روڈ، سمن آباد، نشتر ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی شدید بارش ہوئی، جس کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔ پنجاب کے کئی شہروں، جن میں گجرات، فیصل آباد، سیالکوٹ، شکرگڑھ، سرگودھا اور ننکانہ صاحب شامل ہیں، بارشوں سے نشیبی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔
بلوچستان کے شہداد کوٹ، نصیر آباد، سبی اور جیکب آباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، تاہم بعض علاقوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی میں بھی صبح کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی دیکھی گئی، جبکہ رات گئے شہر کے بعض علاقوں میں بادل برسنے کا سلسلہ جاری رہا۔
پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کیلئے الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ بارشیں 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، جبکہ تمام تر حفاظتی اقدامات اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں ہر سال مون سون کے دوران مختلف علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں، جس سے شہری علاقوں میں نکاسی آب کی کمزوری، بجلی کی بندش اور شہریوں کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ گزشتہ برس بھی پنجاب اور سندھ میں بارشوں کے باعث متعدد اموات اور مالی نقصانات سامنے آئے تھے۔