نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے عوام، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الرٹ کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث شہری و دیہی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں اچانک آنے والے سیلابوں کے خطرات زیادہ ہیں۔
خیبر پختونخوا میں شمالی اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وسطی اضلاع میں مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور ہنگو بھی ممکنہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کے خطرات موجود ہیں۔ جنوبی اضلاع بشمول ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، کرم اور باجوڑ میں برساتی نالوں میں طغیانی اور نشیبی بستیوں میں پانی بھرنے کا اندیشہ ہے۔
پنجاب کے شمالی علاقوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ وسطی پنجاب کے اضلاع میانوالی، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شمال مشرقی پنجاب میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد اور نارووال میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔ لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی شہری سیلاب کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
بونیر میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، ایک ہی خاندان کے 21 افراد جاں بحق
مزید برآں، دریائے راوی، ستلج، جہلم اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقوں پونچھ، مظفرآباد اور کانچی میں بھی شدید بارشوں کی وجہ سے خطرناک صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ شمالی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، لورالائی، قلات، نوشکی، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی اور خاران میں شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے، جب کہ جنوبی اضلاع خضدار، آواران، واشک، تربت، ہنگول، اورماڑہ اور گڈانی میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی حالات سے باخبر رہیں، گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں، درختوں، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور کمزور تعمیرات سے دور رہیں۔ ساتھ ہی نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا سفر مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نکاسی آب کے لیے مشینری تیار رکھیں، ندی نالوں اور پلوں پر نظر رکھیں اور عوام کو بروقت اطلاع دیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ الرٹ کی روشنی میں پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔