اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جڑواں شہروں میں رات بھر بارش کے باعث واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی، نالہ لئی کی سطح میں اضافہ، شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت۔

اسلام آباد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ مسلسل بارش کے پیش نظر واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

latest urdu news

ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق، شہر بھر میں نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ہیوی مشینری اور عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ پر خصوصی مشینری فوری طور پر روانہ کر دی گئی تاکہ کسی بھی پانی بھراؤ کی صورتحال سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، سب سے زیادہ بارش سیدپور کے مقام پر ریکارڈ کی گئی، جہاں صرف ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ پی ایم ڈی میں 40 ملی میٹر، شمس آباد میں 20 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نالہ لئی کی صورتحال بھی بارش کے باعث مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 5 فٹ تک بلند ہوئی، تاہم بارش کے رکنے کے بعد پانی کی سطح کم ہو کر دوبارہ 5 فٹ پر آ گئی ہے۔ فی الوقت پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی فوری خطرے کی اطلاع نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 6 سے 10 جولائی تک ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری

واسا آفس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں کا رُخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں واسا کی ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔ ادارے نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے ایک دوسرے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر مکمل تیاری کی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح معمول سے تجاوز کرنے کی صورت میں راولپنڈی کے کئی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں، اسی لیے موسمی پیشگوئیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے رین ایمرجنسی اور نکاسی آب کے اقدامات کو پہلے سے فعال کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter