پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں شدید مون سون بارشوں کی وارننگ جاری کر دی، احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت۔
لاہور، پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، اور اگلے چوبیس گھنٹے انتہائی اہم ہیں کیونکہ کئی شہروں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آسمانی بجلی سے محفوظ رہیں، کچے یا خستہ حال مکانوں میں ہرگز قیام نہ کریں، اور بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت رفتار کم رکھیں اور دوسروں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔
ادھر لاہور میں آج صبح بادل برس پڑے اور کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ترجمان واسا کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 53 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ جیل روڈ پر 47، قرطبہ چوک پر 44، اور گلبرگ میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔
موسلادھار بارشیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا
مزید بارشوں کی تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر 47، گلشن راوی میں 35، اقبال ٹاؤن میں 33، سمن آباد میں 28، اور جوہر ٹاؤن میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے اور واسا کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ شہری مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ مون سون سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں بارشوں کے باعث ممکنہ شہری و دیہی نقصانات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی تاکید کی تھی۔