ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان، 25 جولائی تک سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتِ حال اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جھنگ، میانوالی، سرگودھا، چکوال، مری، گلیات، اٹک اور پوٹھوہار ریجن کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

latest urdu news

بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، بونیر، شانگلہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ اور وزیرستان میں بارش کے نتیجے میں دریائے کابل، سوات، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہے۔

جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جہاں مقامی ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مریم نواز کا پی ڈی ایم اے کا دورہ، سیلابی صورتحال ،ریسکیو اقدامات پر بریفنگ

سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور، دادو اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً کوئٹہ، زیارت، خضدار، سبی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور لورالائی میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMA) نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق صوبے بھر میں انتظامیہ کو ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ حساس علاقوں میں ہنگامی اقدامات کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter