لاہور، ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں 20 مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 19 مئی کی شام کو پنجاب میں داخل ہونے کی پیش گوئی ہے، جس کے نتیجے میں 19 اور 20 مئی کو مختلف اضلاع میں بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں کو ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ، سندھ، بلوچستان، شمالی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں تیزی آ سکتی ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے بچوں، خواتین اور معمر افراد کو احتیاط برتنے کی تلقین کی ہے۔