فواد چودھری کے خلاف 9 مئی کیسز کی سماعت کل ہوگی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت کل سپریم کورٹ میں ہوگی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ اس اہم کیس کی سماعت کرے گا۔ فواد چودھری کے وکیل اور بھائی فیصل چودھری نے تصدیق کی ہے کہ مقدمات کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ میں آج ہونے والی ایک سماعت کے دوران فواد چودھری اور ان کے وکیل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس ہاشم کاکڑ کی سفارش پر کیس کو تین رکنی بینچ کے سامنے پیش کرنے کے لیے کمیٹی کو بھجوایا گیا تھا، جسے منظور کر لیا گیا۔

latest urdu news

سماعت کے دوران فواد چودھری نے مؤقف اپنایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ان کے کیسز کو وقت پر مقرر نہیں کیا گیا، جبکہ فیصل چودھری نے نشاندہی کی کہ جب لارجر بینچ دستیاب تھا تو ان کا مقدمہ اسی وقت لگنا چاہیے تھا۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد 9 مئی سے متعلق مقدمات معمول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم ان کے کیسز میں تاخیر اب بھی دیکھی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت کی جانب سے مقدمات کو چار ماہ میں نمٹانے کی ہدایات دی گئی تھیں، لہٰذا کسی فریق کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسدادِ دہشتگردی عدالت میں ایک ہی دن میں صرف ایک کیس کی سماعت مناسب نہیں، تمام کیسز کو منصفانہ اور بروقت طریقے سے چلایا جانا چاہیے۔

سماعت کے اختتام پر چیف جسٹس نے فواد چودھری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے کیس کی سماعت کے بارے میں رجسٹرار آفس انہیں باقاعدہ اطلاع دے گا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات کے بعد متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف دہشتگردی اور بغاوت کے الزامات میں مقدمات درج کیے گئے تھے، جن کی عدالتی کارروائیاں اب اعلیٰ عدلیہ کے زیرغور ہیں۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter