کارگل کے ہیرو لالک جان شہید کو مسلح افواج، سروسز چیفس اور پوری قوم کی جانب سے زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہید کے مزار پر سلامی دی گئی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
راولپنڈی: پاک فوج کے عظیم سپوت حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کے 26ویں یومِ شہادت کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے شجاعت و قربانی کے اس نشان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، لالک جان شہید نے 1999ء کی کارگل جنگ کے دوران دشمن کے شدید حملوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، اپنی پوسٹ کا جواں مردی سے دفاع کیا، اور شدید زخمی ہونے کے باوجود میدانِ جنگ نہ چھوڑا۔ دشمن کے سامنے بے جگری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور نشانِ حیدر کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا فخر ہیں، اور لالک جان شہید کی جرأت و بہادری نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ افواجِ پاکستان اور پوری قوم ان کی لازوال قربانی کو عزت، محبت اور فخر کے ساتھ ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔
غذر میں شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا، میجر جنرل سید امتیاز حسین گیلانی مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر چاق و چوبند فوجی دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
یاد رہے کہ لالک جان وہ پہلے نڈر سپاہی تھے جنہیں فرنٹ لائن پر بے مثال قربانی دینے پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ ان کی دلیری اور فرض شناسی آج بھی افواجِ پاکستان کے لیے فخر اور عزم کا استعارہ ہے۔