ریلوے اسٹیشن کی ناقص صفائی اور سہولتوں پر وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کا اظہارِ برہمی، فوری اصلاح نہ ہونے پر کارروائی کی وارننگ
راولپنڈی، وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیشن کی مجموعی حالت، واش رومز، دفاتر، پلیٹ فارمز اور اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
وزیرِ ریلوے نے ٹریک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور صفائی ستھرائی سمیت مسافروں کے لیے ناکافی سہولیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریلوے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے سخت لہجے میں کہا: "خدا کا خوف کریں، یہ سب کیا ہے؟ یہ ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔”
وزیر نے واضح کیا کہ اسٹیشن پر آنے والے مسافر دور دراز علاقوں سے آتے ہیں، ان کے لیے باعزت اور آرام دہ ویٹنگ ایریاز کی فراہمی حکام کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے عوام کی سواری ہے، اسے خدمت کی اعلیٰ مثال بنانا ہوگا۔ حنیف عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ فوری اصلاحات کی جائیں، بصورتِ دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر جدید الیکٹرانک بورڈز کی تنصیب کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ مسافروں کو بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ حنیف عباسی کے اس سخت رویے اور اچانک معائنے کو عوامی فلاح کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ریلوے حکام پر دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں۔
یاد رہے کہ پاکستان ریلوے کے اسٹیشنز کی خستہ حالی اور سہولیات کی کمی کے حوالے سے عوامی شکایات ماضی میں بھی سامنے آتی رہی ہیں، اور اس سے قبل بھی مختلف وزرائے ریلوے اصلاحات کے وعدے کرتے رہے ہیں، مگر ان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔