پنجاب حکومت نے حافظ آباد میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کے لیے حافظ آباد کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران حنا پرویز بٹ نے اغوا، اجتماعی زیادتی اور بلیک میلنگ کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد تین ملزمان پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں جبکہ ایک مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ مفرور ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔
حنا پرویز بٹ نے بعد ازاں زیادتی کے بعد قتل کیے جانے والے دو بچوں، احمد علی اور ارشمان کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور مکمل انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی پی او حافظ آباد کو مقدمے کی شفاف اور غیر جانبدار تفتیش کے احکامات جاری کیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ محض ایک واقعہ نہیں بلکہ قومی المیہ ہے، اور ظالم قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ پنجاب، حکومت پنجاب کا ویژن ہے اور اس پر ہر ممکن عملی اقدام کیا جا رہا ہے۔