امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے غزہ میں جاری جنگ میں عارضی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کرے۔
اسلام آباد میں غزہ کے حق میں نکالے گئے ایک مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ "آج پوری دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، کیونکہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کو فلسطین کے معاملے پر بھرپور اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب پاک فوج نے بھارت کو شکست دی تو پوری قوم اس کے پیچھے کھڑی ہو گئی تھی، آج بھی قوم فلسطینی عوام کے لیے یک زبان ہے۔
صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ کھلی دہشت گردی ہے: حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "نیتن یاہو پورے عالم اسلام پر قبضے کے خواب دیکھ رہا ہے، لبنان اور شام بھی نشانے پر ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پورے فلسطین کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، لیکن حماس سے ایک بھی قیدی آزاد نہیں کروا سکا، جو اس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حافظ نعیم نے مسلم دنیا کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی مزاحمت کی حمایت کریں اور امت کو درپیش اس سنگین چیلنج کے خلاف متحد ہو جائیں۔