حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، حافظ نعیم الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

"حکومت مکمل ناکام، چینی 200 روپے کلو، شوگر مافیا کسانوں کا استحصال کر رہی ہے”، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، چینی 200 روپے فی کلو ہو چکی، شوگر مافیا کسانوں کا استحصال کر رہی ہے۔

latest urdu news

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہنگائی، کرپشن، اور سیاسی بدعنوانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دورِ حکومت میں چینی کی قیمت 60 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مہنگائی اب حکومت کے بس میں نہیں رہی۔

حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ تمام آئی پی پیز (نجی بجلی پیدا کرنے والے ادارے) اور شوگر مافیا آپس میں گٹھ جوڑ رکھتی ہیں۔ شوگر ملز مالکان نہ صرف کسانوں کو ان کی محنت کا حق نہیں دیتے بلکہ بینکوں سے لیے گئے قرضے بھی واپس نہیں کرتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب فصل تازہ ہوتی ہے تو شوگر مافیا دانستہ خریداری سے گریز کرتا ہے، اور جب فصل خشک ہو کر وزن میں کمی کا شکار ہوتی ہے تب اسے خریدا جاتا ہے تاکہ کم ادائیگی کی جا سکے۔

اپنے خطاب میں حافظ نعیم نے سیاسی نظام پر بھی تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں نظریاتی کارکنوں کی کوئی وقعت نہیں رہی، اصل قوت ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جو سیٹیں خرید کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے ہیں۔ انہوں نے سینیٹ کے انتخابات کو پیسوں کا کھیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لین دین سے سیٹیں خریدی جاتی ہیں جبکہ حقیقی عوامی نمائندے پیچھے رہ جاتے ہیں۔

بلوچستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ان آوازوں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو محروم قوموں کے حقوق کی بات کرتی ہیں، چاہے وہ سندھی ہوں، بلوچی، پنجابی یا مہاجر، جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

یاد رہے کہ حافظ نعیم الرحمان حالیہ عرصے میں سیاسی میدان میں کھل کر تنقید کر رہے ہیں، اور جماعت اسلامی کو ایک عوامی اور غیر مصلحت پسند جماعت کے طور پر متعارف کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک مہنگائی، بیروزگاری، اور سیاسی عدم استحکام جیسے چیلنجز سے دوچار ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter