اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما حافظ حمداللہ نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی منظوری پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے آئین اور جمہوریت کے چہرے پر طمانچہ قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حمداللہ نے اس قانون کو "بدترین کالا قانون” اور "رولٹ ایکٹ کا دوسرا نام” قرار دیا۔ انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی رولٹ ایکٹ کی پارلیمانی منظوری پر انگریز اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھا۔
جے یو آئی رہنما نے حکومتی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹیاں اس قانون کو منظور کرانے میں شامل رہیں، وہ 25 دسمبر کو قائداعظم کا یوم ولادت کس منہ سے منائیں گی؟ ان کے مطابق یہ قانون نہ صرف قائداعظم کے نظریات کے خلاف ہے بلکہ پاکستانی آئین کی روح سے بھی متصادم ہے۔
حافظ حمداللہ نے واضح کیا کہ جمعیت علمائے اسلام اس قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی قانون میں ترمیم کا بل حالیہ دنوں میں قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں سے منظور ہوا ہے، جس کے بعد اس پر سیاسی، قانونی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔