سانحہ گل پلازہ: آخری لاپتا فرد کی تلاش تک عمارت گرانے کی اجازت نہیں، ڈی سی ساؤتھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی: سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے واضح کیا ہے کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص موجود ہے، اس وقت تک متاثرہ عمارت کو منہدم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی پوری عمارت کو گرایا جائے گا۔

latest urdu news

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ گل پلازہ میں پانچویں روز بھی ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی لاشوں کی شناخت کے عمل کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جاوید نبی کھوسو کے مطابق سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہو چکی ہے، جبکہ ملبے سے نکالے گئے 17 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ اب تک 11 لاشوں کی شناخت مکمل کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 85 افراد کو لاپتا قرار دیا گیا ہے، جن کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈی سی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ 39 لاپتا افراد کی ممکنہ لوکیشن گل پلازہ کی عمارت کے اندر ظاہر ہو رہی ہے، تاہم عمارت کے کچھ حصے اس قدر خطرناک اور ناقابلِ رسائی ہیں کہ وہاں فوری طور پر پہنچنا ممکن نہیں۔ جہاں عمارت گری ہے وہاں سے ملبہ بھاری مشینری اور دستی ذرائع دونوں سے ہٹایا جا رہا ہے، مگر بعض حصوں میں کام شدید مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کے اندر اب بھی دھواں اور شدید گرمی موجود ہے، جس کے باعث کولنگ کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری ہے۔ جہاں تک محفوظ طریقے سے پہنچا جا سکتا ہے، وہاں سرچ آپریشن مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ تکنیکی اور حفاظتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے باقی حصوں میں ریسکیو کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

سانحہ گل پلازہ پر عالمی برادری کا ردِعمل، سعودی عرب، امریکا اور چین کا اظہارِ افسوس

ڈی سی ساؤتھ نے مزید کہا کہ لاپتا افراد کی فہرست میں بعض نام دہرا دیے گئے ہیں، جن کی تصدیق اور جانچ کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی کیونکہ یہ معاملہ قیمتی انسانی جانوں سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک آخری لاپتا شخص کا سراغ نہیں مل جاتا، عمارت کو گرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ گل پلازہ سے متصل رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) سے رمپا پلازہ کے نقشے اور دیگر متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter